قومی رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا آغاز (آکل) ہو گا، ملک بھر سے 150 مردوخواتین کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے

جمعرات 26 اپریل 2018 19:03

قومی رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا آغاز (آکل) ہو گا، ملک بھر سے 150 مردوخواتین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام قومی رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ (کل) جمعہ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال میں شروع ہوگا۔ جمعرات کو پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے جناح سٹیڈیم کے میڈیا سنٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان،اسلام آباد، گلگت بلتستان، فاٹا، آزاد جموں وکشمیر،پاکستان واپڈا، پاکستان ریلویز، پاکستان آرمی، ایس این جی پی ایل، نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں، ایونٹ میں شریک 150 مرد و خواتین کھلاڑی چار مختلف کیٹگریز کے مقابلوں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر پرویز بٹ، سیکرٹری مجاہد علی اور رکن ویمن ونگ عائشہ اکرم بھی موجود تھی، ایونٹ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے بعد یہ ٹورنامنٹ ہورہا ہے ، کبڈی کی طرح بیڈمنٹن لیگ کا انعقاد دسمبر یا جنوری میں کیا جائیگا، دن رات محنت کر کے تاکہ لیگ کا انعقاد ممکن ہو اور اس سلسلے میں ہمارے غیرملکی کھلاڑیوں سے بھی رابطے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ دسمبر میں کھلاجائیگا جس میں 20 سے 22 ممالک کے کھلاڑی شرکت کرینگے، اگست میں لاہور میں قومی جونیئر چیمپئن شپ کا انعقاد کروا رہے ہیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کوسالانہ گرانٹ صرف 18لاکھ روپے دے رہا ہے اور سپانسر شپ کی کمی کی وجہ سے بڑے ایونٹس کا انعقاد مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں پانچ، چھ کوچز تربیت یافتہ ہیں اور مزید کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائیگا۔