پاکستان کوسٹ گارڈزکی کارروائی،15,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد،2ملزمان گرفتار

جمعرات 26 اپریل 2018 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے ہاکس بے کے علاقے میں سونا پاس چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے آئل ٹینکر سے لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمد کرکے 2ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بھاری مقدار میں ڈیزل اسمگل ہو نے خدشہ ہے۔

جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھانے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی ۔ گذشتہ رات پاکستان کوسٹ گارڈز کی سونا پاس چیک پوسٹ ( Hawksbay) کے قریب ایک مشکوک آئل ٹینکرکی تلاشی کے دوران 15,500 لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمدکر لیا جو کہ اندرون ملک اسمگل کیا جارہا تھا۔

(جاری ہے)

ڈیزل کی مالیت مارکیٹ میں پندرہ لاکھ بیس ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔ برآمد شدہ ڈیزل ، آئل ٹینکر اور 02 اسمگلرز کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :