ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور کے زیر اہتمام ورلڈ ملیرا ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا

جمعرات 26 اپریل 2018 19:50

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور کے زیر اہتمام ورلڈ ملیرا ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور کے زیر اہتمام ورلڈ ملیرا ڈے کے حوالے سے ڈی ایچ ڈی سی ہال میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم دیگر ضلعی افسران ‘ڈاکٹرز اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ ملیرا ڈے 2007ء سے ہر سال منایا جاتا ہے اس دن کے منانے کا مقصد ملیرا کے خاتمے کیلئے تیار رہنا ہے ۔مقررین نے بتایا کہ دنیا بھر میں آج بھی تقریبا ہر سال ساڑھے چار لاکھ افراد ملیرا کی وجہ سے وفات پا جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں ملیرا سے بچائو بارے آگاہی پیدا کی جائے کیونکہ ملیرا ایک قابل علاج مرض ہے اور ملیرا کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت دن رات کوششیں کر رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ بہت جلد دنیا سے ملیرا جیسا موذی مرض ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائیگا۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے مسجد نور تک آگاہی واک کی اور لوگوں میں ملیرا سے بچائو بارے پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔