منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی کا کنٹونمنٹ بورڈ فیصل ، ضلع شرقی کے علاقوں کا تفصیلی دورہ

جمعرات 26 اپریل 2018 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی نے کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کے نمائندوں کے ہمراہ پہلوان گوٹھ، گلستان جوہر اور صفورہ چورنگی ، یونیورسٹی روڈکا تفصیلی دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا تفصیلات کے مطابق انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ فیصل اور ضلع شرقی کے علاقوں میںمعمول کی صفائی ستھرائی کے علاوہ بالخصوص شب برات کے سلسلے میں قبرستانوں اور مساجد کے اطراف صفائی کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں زائرین کی آمد کے سلسلے میں صفائی کا بالخصوص خیال رکھا جائے۔اس موقع پر انکے ہمراہ ڈائریکٹر جی ٹی ایس علی رضا، ڈائریکٹر آپریشن ضلع شرقی غلام عباس منگریو،کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کے نمائندے ملک ساجد دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء انہوںنے کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کے علاقوں میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہترکرنے کے لئے مختلف پوائنٹس کی نشاندہی کی جبکہ سی بی ایف کے نمائندوں کو سڑکوں کے اطراف تزئین و آرائش(Beautification) یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ نے گلستان جوہرمیں قلندر نالہ کے بارے میں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس نالے کی باؤنڈری وال تعمیر کرکے اطراف میں صفائی کا خیال رکھا جائے تاکہ کچرا نالے کے اندر جمع ہوکر نالہ چوک نہ کرے۔علاوہ ازیںگلستان جوہربلاک 13 میں نئی سیوریج لائنوں کو کور کرنے کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران انہوںنے ہیوی مشینری کے ذریعے مختلف جگہوں پرجاری صفائی کے امور اور کچرا اٹھانے کے عمل کا بھی معائنہ کیا اور موقع پر موجود کنٹریکٹرز(چائنیز)کے عملے کو صفائی کے اقدامات تیز کرنے ، بیک لوگ اٹھانے کی ہدایت کی۔

ڈائریکٹر آپریشن نے ایم ڈی بورڈ کو صفورہ چوک پر گاڑیوں و مشینری کی پارکنگ اور ورکشاپ کی جگہ کا بھی معائنہ کرایا۔ایم ڈی بورڈ طحہٰ احمد فاروقی نے کہا کہ ہم تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ہمارا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول مہیا کر نا ہے۔

متعلقہ عنوان :