بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کو برداشت نہیں کیا جائیگا ، ڈی پی او

جمعرات 26 اپریل 2018 20:22

سرگودھا۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن(ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کو برداشت نہیں کیا جائیگا ، تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عارف نواز خان کی ہدایت پر سرگودہا کے مختلف بھٹہ جات کو چیک کیا اور دوران ِچیکنگ مزدوروں سے ملاقات کی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے قائم کئے گئے سکولوں کا دورہ بھی کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر چائلڈ لیبر کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، بھٹہ خشت مالکان پر زور دیا گیا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات اورجاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تعاون کریں ، انہوں نے تمام ایس ایچ او ز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے علاقہ میں واقع بھٹہ جات کو روزانہ کی بنیاد پرچیک کریں اوراس ضمن میں ہفتہ وار رپورٹ بھجوائیں ۔