ملک کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری نے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے،امتیازشاہدقریشی

جمعرات 26 اپریل 2018 20:27

ملک کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری نے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون ، پارلیمانی امور و انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری نے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے اور موجودہ صوبائی حکومت نے بھی روز اول سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیا دوں پر اقدامات کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اقلیتوں کے حقوق کی تنظیم" -نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مائنارٹی رائٹس" کے نمائندہ وفد سے پشاور میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد خیبر پختونخوا سے ہارون سرب دیال، عینی گل، عمران یوسف، ارون جان، سندھ سے پشپا کماری، ڈاکٹر اشو تھاما، پربھو ستیانی، راس مٹھانی اور بلوچستان سے اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والے شیزان ویلیم پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر قانون کو اقلیتی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہندو میرج ایکٹ 2017 پر عمل در آمد کے لئے رولز آف بزنس وضع کئے جائیں ۔ وفد نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے اقلیتی برادری کے لئے شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں کی تعمیر کے لئے 10کروڑ روپے مختص کئے ہیں لٰہذاحکومت تمام اقلیتی برادری کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے صوبے میں مخصوص مقامات پر شمشان گھاٹ اور قبرستانوں کی تعمیر کے لئے اقدامات کو عملی شکل دے۔

وفد نے صوبائی حکومت کی جانب سے اقلیتی پیشوائوں کے لئے ماہانہ اعزازیہ مقرر کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس امر کو اقلیتی برادری کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا ۔ وزیر قانون نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تما م مسائل کو حکومت سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے سیکرٹری محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ ہندو میرج ایکٹ 2017 پر عمل در آمد کرنے کے لئے رولز آف بزنس وضع کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

امتیاز شاہد نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کو معاشرے کا اہم حصہ سمجھتی ہے اور انکے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ وقت نے اقلیتی برادری کے مسائل غور سے سننے اور انکے حل کی یقین دہانی کرانے پر وزیر قانون کا شکریہ ادا کیا ۔