2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا ،سعید غنی

کراچی کے عوام 29اپریل کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے پیپلزپارٹی کے سلوگن ’’کراچی سب کے لیے ‘‘کا ساتھ دیں،وقار مہدی

جمعرات 26 اپریل 2018 20:39

2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا ،سعید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقاری مہدی اور کراچی ڈویژن کے صدر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو 29اپریل (اتوار) کو لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کرے گی ،جس کی حتمی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ۔اس جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ۔

کراچی کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جلسے میں بھرپور شرکت کرکے پیپلزپارٹی کے سلوگن ’’کراچی سب کے لیے ‘‘کا ساتھ دیں۔2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد استقبالیہ کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وقار مہدی اور سعید غنی نے کہا کہ یہ جلسہ کراچی سے نفرتوں کو ختم کرے گا ۔29اپریل کا جلسہ کراچی میں نفرت کا پیغام عام کرنے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔شہر کے لوگ بڑی تعداد میں جلسہ گاہ کا رخ کرکے ثابت کردیںگے کہ کراچی امن پسند قوتوں کا شہر ہے ۔انہوںنے کہا کہ 29اپریل کا جلسہ کراچی میں محبت اور بھائی چارگی کے پیغام کو عام کرنے میں مدد دے گا ۔

کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ گزشتہ تیس سال میں ایم کیو ایم نے نفرت کو فروغ دیا اور کراچی کے مسائل اور تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے ۔انہوںنے کہا کہ جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ۔جلسے میں سکیورٹی ،پارکنگ اور اسٹیج کی تیاری کا کام جاری ہے ۔پیپلزپارٹی کے تحت جلسے کے حوالے سے جمعہ سے شہر بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور شہر میں استقبالیہ کیمپ بھی لگادیئے گئے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ضلع وسطی خصوصاً لیاقت آباد کے عوام شہید بی بی کے بیٹے کا بھرپور استقبال کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع وسطی ہم متحدہ کا نہیں پیپلزپارٹی کا گڑھ بنتا جارہا ہے اور ضلعی وسطی کے لوگ جوق در جوق پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور کراچی کے لوگ سمجھ گئے ہیں کہ ان کے مسائل صرف پیپلزپارٹی حل کرسکتی ہے ۔

اس موقع پر مختلف جماعتوں کے کارکنوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔قبل ازیں پیپلزسیکرٹریٹ میں جلسہ تیاری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔علاوہ ازیں پولیس کے اعلیٰ افسران نے جمعرات کو جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔