پانچویں پاک جاپان اعلی سطح کے اقتصادی پالیسی مذاکرات کا انعقاد

پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسیع کرنیکی ضرورت ہے، جاپانی حکومت چند فلیگ شپ منصوبے شروع کر کے گراس روٹ لیول پر عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ،سید غضنفر عباس جیلانی پاکستان اہم شراکت دار ہے اور جاپان پاکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،یامازاکی کازوکی

جمعرات 26 اپریل 2018 20:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سید غضنفر عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسیع کرنیکی ضرورت ہے جبکہ جاپان کے سینئر نائب وزیر برائے خارجہ امور یامازاکی کازوکی نے کہا ہے کہ پاکستان اہم شراکت دار ہے اور جاپان پاکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

یہ باتیں جمعرات کو یہاں منعقدہ پانچویں پاک جاپان اعلی سطح کے اقتصادی پالیسی مذاکرات کے دوران کہی گئیں۔پاکستان کا اعلی سطح کا وفد سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کی قیادت میں متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز سے نمائندوں پر مشتمل تھا جبکہ سینئر نائب وزیر برائے خارجہ امور یامازاکی نے جاپانی اعلی سطح کے وفد کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے کہا کہ پاک جاپان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید وسیع کرنیکی ضرورت ہے کیونکہ سیکورٹی صورتحال میں بہتری پائیدار اقتصادی ترقی کے ساز گار ماحول میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے پناہ مواقع پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی لبرل پالیسیاں وضع کر رکھی ہیں۔انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی حکومت چند فلیگ شپ منصوبے شروع کر کے گراس روٹ لیول پر عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔بہتر اقتصادی ماحول کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں فریقوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

جاپانی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے پاکستان نے ابھرتی سیکٹرز آٹو موبائل،آٹو پارٹس،الیکٹرک کار،الیکٹرونکس،سولر پینلز،کیمیکل اور پلاسٹکس کی نشاندہی کی۔ جاپان کے سینئر نائب وزیر خاجہ یامازاکی نے کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی،اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکی ضرورت ہے۔