پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو سوئیڈن جانے سے روک دیا گیا

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے کے باعث ٹیم کو روکا،قومی ٹیم نے ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ میں شرکت کرنا تھی

جمعرات 26 اپریل 2018 21:13

پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو سوئیڈن جانے سے روک دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے پر سوئیڈن میں ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔قومی ٹیبل ٹینس ٹیم کے 5 کھلاڑیوں اور ایک آفیشل نے سوئیڈن میں 29 اپریل سے 6 مئی تک کھیلی جانے والی ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے روانہ ہونا تھا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیبل ٹینس ٹیم عاصم قریشی، رمیز حسین، عائشہ اقبال، فاطمہ خان اور محمودہ پر مشتمل ہے۔ٹیم آفیشل عرفان اللہ خان کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے کے باعث ٹیم کو سوئیڈن جانے سے روک دیا۔عرفان اللہ خان کے مطابق بیرون ملک جاتے ہوئے اس سے قبل کبھی کھلاڑیوں سے وزارت داخلہ کا لیٹر نہیں مانگا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی دھڑی بندی کھلاڑیوں کے روکے جانے کی وجہ بنی ہے۔