ورلڈ کپ 2019،سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے مختص

میگا ایونٹ کے مقابلے انگلینڈ کی11وین یوز میں شیڈول،30 مئی کو اوول میں افتتاحی میچ میں انگلش ٹیم کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا، پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور سری لنکا تمام میچز دن کی روشنی میں کھیلیں گے

جمعرات 26 اپریل 2018 21:13

ورلڈ کپ 2019،سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے مختص
کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنلز اور فائنل کو موسم کی مداخلت سے بچانے کی تدبیر کرتے ہوئے اضافی دن بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، موسم کی مداخلت کی وجہ سے اگر میچ مکمل نہیں ہوتا تو اضافی دن بھی مختص ہوگا، پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں9جولائی کو پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون اور 4 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا،اگر کسی وجہ سے نتیجہ سامنے نہیں آتا تو اگلے دن فیصلہ ہوگا۔

دوسرا سیمی فائنل 11جولائی کو ایجبسٹن میں نمبر2اور 3ٹیم کے درمیان ہوگا، فائنل لارڈز میں 14جولائی کو شیڈول ہے، یوں دوسرے سیمی فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے بھی وقفہ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کے مقابلے انگلینڈ اور ویلز کی11 وینیوز لارڈز، اوول، ٹرینٹ برج، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ایجبسٹن، ٹاونٹن، برسٹل، چیسٹر لی اسٹریٹ، سائوتھمپٹن اور کارڈف میں شیڈول کیے گئے ہیں، 30 مئی کو اوول میں افتتاحی میچ میں انگلش ٹیم کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر7 میچز مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائینگے، پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور سری لنکا تمام میچز دن کی روشنی میں کھیلیں گے، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنی مہم کا آغاز کوالیفائر ٹیم افغانستان کیخلاف 2جون کو ڈے اینڈ نائٹ میچ سے ہی کریگا، دونوں ٹیموں کو مجموعی طور پر مصنوعی روشنیوں میں 3،3میچز کھیلنا ہیں۔