ْبھارت نے فوجی طاقت کے نشے میں کشمیر میں قتل و غارت کا بازار گرم کررکھا ہے‘سید علی گیلانی

کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قصبے سے آزاد کرانے کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کررہے ہیں ‘ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم انکے مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں‘سینئر حریت رہنما

جمعرات 26 اپریل 2018 21:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قصبے سے آزاد کرانے کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کررہے ہیں لہذا ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم انکے مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔

انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ترال میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہید اشفاق احمد کی نماز جنازہ کے شرکاء سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے مرتے نہیں ہیں بلکہ شہادت کا ایک عظیم رتبہ پاتے ہیں اور قوموں کی تاریخ میں اپنا نام امر کرجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ رسولِ رحمتؐ کا ارشاد ہے کو جو مظلومیت کی موت مارا جائے وہ شہید ہے، جو مال کی حفاظت میں مارا جائے وہ بھی شہید ہے اور جو عزت کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے وہ بھی شہید ہے لہذا کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کے خلاف جو نوجوان اپنی جانیںلٹا رہے ہیں وہ شہید ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ ذاتی مقاصد، کرسیوں اور جاہ وحشمت کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے دین کو اللہ کی زمین پر غالب کرنے اور بھارتی فوجی قبضے سے آزادی کے لیے دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے نشے میں جموں کشمیر میں قتل وغارت گری، مار دھاڑ اور ظلم وبربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں آج تک چھ لاکھ انسانی زندگیاں قربان ہوئیں ، ہزاروں خواتین کو آبرو ریزی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ہزاروں افراد کو لاپتہ کیا گیا۔سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز جماعتیں بے گناہ شہریوں کے قتل میں برابر کی شریک ہیں لہذا کشمیریوں کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے نام نہاد انتخابات سے خود کو دور رکھتے ہوئے بھارت نواز رہنمائوں کو ہرگز ووٹ نہیں دینے چاہیے۔