بھارت نے اپنی فورسز کو کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے‘

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور مقبوضہ کشمیر میں نافذ دیگر کالے قوانین کی منسوخی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی کا جاری بیان

جمعرات 26 اپریل 2018 21:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر مسلم لیگ نے کہا کہ بھارت نے کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے۔ تنظیم نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور مقبوضہ کشمیر میں نافذ دیگر کالے قوانین کی منسوخی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج نے آرمڈ فوسز سپیشل پاورز ایکٹ کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میںآپریشن آل آئوٹ شروع کر رکھا ہے جس کے تحت بے گناہ کشمیری نوجوانوں قتل کیاجارہا ہے، املاک تہس نہس کی جارہی ہیں اور محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بچوں ، خواتین اور معمر افراد سمیت شہریوں کو وحشیانہ مار پیٹ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اروناچل پردیس اور میگالیہ کی ریاستوں میں نافذ کالا قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورزایکٹ منسوخ تو کر دیا جہاں بھارتی فورسز کوسخت حالات کا سامنا تھا اور روز بڑی تعداد میں فورسز اہلکار مارے جاتے تھے لیکن جموں وکشمیر کے متنازعہ خطے جہاں لوگ آزادی کے لیے پر امن تحریک چلا رہے ہیں ، میں یہ کالا قانون منسوخ نہیں کیا جا رہا۔