حریت رہنمائوں کی طرف سے ترال میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش

جمعرات اپریل 21:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوںشہید ہونیو الے چار کشمیری نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق بھارتی فوجیوں نے منگل کے روز ترال کے علاقے دیدار پورہ لام تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران چار نوجوانوںعابد مقبول بٹ،اشفاق احمدخان ، عمر جاوید اور یاسر احمد کوشہید کردیا تھا۔

اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں ، انہوںنے کہاکہ جن نو جوانوں کو اپنے والدین، گھروں، سماج اور قوم کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچاناتھا وہ بھارت کی ضداور ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گزشتہ 70برس کے دوران بھارت نے کشمیر ی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے اور ان کے مستقبل کو تاریک کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام سیاسی، قانونی، مذہبی، تہذیبی، اقتصادی، معاشی، معاشرتی اور سماجی حقوق پر شب خون مارا گیا اور کشمیر کو ایک ایسی فوجی کالونی بنادیا گیا جہاں راحت سے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے تمام جمہوری اور پٴْرامن ذرائع کو مسدود کرکے فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے اپنے جبری قبضے کو دوام بخشنے کی روش اختیار کررکھی ہے، جس کے نتیجے میں ہماری تعلیم یافتہ نوجوان نسل مجبورا سرفروشی کا راستہ اختیار کررہی ہے۔