ْکراچی ، انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے تحت ہونے والا بارہویں جماعت کا شماریات کا پرچہ بھی آوٹ

جمعرات 26 اپریل 2018 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) کراچی میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے تحت ہونے والا بارہویں جماعت کا شماریات کا پرچہ بھی آوٹ ہوگیا۔پرچہ شروع ہونے کا وقت دوپہر 2بجے تھا جس کے شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر پیپر آوٹ ہوگیا۔اس سے قبل صبح ہونے والا میتھمیٹکس کا پیپر بھی سوشل میڈیا پر آوٹ ہوگیا تھا۔توقع کی جارہی تھی کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ حکام اور دیگر انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے ایکشن کیا جائے گا اور آئندہ کوئی پرچہ آوٹ نہ ہوسکے گا تاہم پیپر آوٹ کرنے والی کالی بھیڑوں کا سراغ لگا کر تاحال ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آسکی ہے۔

کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے تحت جاری امتحانات میں ایک روز قبل بھی بارہویں جماعت کا زولوجی کا پیپر سوشل میڈیا پر آوٹ ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات کا جاری ہیں، جبکہ کراچی بورڈ نے امتحانات کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔حکومت سندھ کی جانب سے امتحانی مراکز کیاطراف دفعہ 144 نافذ ہے اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد ہے۔ا س صورت حال کے حوالے سے گورنر سندھ محمد زبیر کا بیان سامنے آچکا ہے جس میں انہوں کہا تھا کہ انٹر کا پرچہ آوٹ ہونا افسوس ناک بات ہے، انٹر بورڈ کراچی کا میڈیا پر پابندی لگانا سچ کو دبانے والی بات ہے۔