وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات،شہبازشریف کی قیادت پر اعتماد کااظہار

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبازشریف عوا م کی ترقی اورخوشحالی کا استعارہ ہیں‘اراکین اسمبلی عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں‘شہبازشریف

جمعرات 26 اپریل 2018 21:46

وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات،شہبازشریف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزراء اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ۔وفاقی وزراء اوراراکین اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت پر اظہار اعتمادکیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزراء ،ارکان اسمبلی اورمسلم لیگ(ن) کے رہنمائوںکاسیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں۔صوبے کے تمام شہروں ،قصبوں اوردیہات میں یکساں ترقی کا ویژن مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنے دے کر اورجھوٹ بول کر قوم کا وقت برباد کیا گیا ہے۔تبدیلی کے علمبرداروں نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا۔

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔انہوںنے کہا کہ دونوں نے خیبرپختونخواہ اور سندھ میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔روشنیوں کے شہر کراچی کی ابترصورتحال دیکھ کر دل جلتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں میٹروبس کے نام پر شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے۔میٹروبس پر تنقید کرنے والوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی اہلیت ہی نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ روزاول سے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ماضی اورحال عوام کی خدمت سے عبارت ہے ۔انہوںنے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیںگے۔وفاقی وزراء اوراراکین اسمبلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبازشریف عوا م کی ترقی اورخوشحالی کا استعارہ ہیں۔ملاقات کرنیوالوں میںوفاقی وزیر آبی ذخائر سید جاوید علی شاہ،وزیر مملکت بین الصوبائی روابط ڈاکٹر درشن،رکن قومی اسمبلی اسفن یار ایم بھنڈارا،وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد، رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا،مسلم لیگ(ن) کے رہنماء حاجی عرفان احمد خان ڈاہا اورڈاکٹر عمر ظفر جھگڑاشامل تھے۔