کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک شاندار اور روشن ادارہ رہا ہے ،ْسمیع الدین صدیقی

شہر کراچی کے لئے کے ڈی اے کی خدمات اور کام کا معیار ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے ،ْڈائریکٹر جنرل ادار ترقیات

جمعرات 26 اپریل 2018 21:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک شاندار اور روشن ادارہ رہا ہے، شہر کراچی کے لئے کے ڈی اے کی خدمات اور کام کا معیار ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے، ماضی میں کے ڈی اے کی قیمتی اراضی پر قبضہ مافیا نے لوٹ مار کی جس کی وجہ سے کے ڈی اے اپنی اربوں روپے کی اراضی سے محروم ہوکر رہ گیا۔

یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان کے صدر اور جامعة المصطفیٰ الرضویہ کے مہتمم مفتی عابد مبارک المدنی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ حالیہ اقدامات کے باعث کے ڈی اے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا جو قابل ستائش عمل ہے، ادارہ کی آمدن میں اضافہ کے لئے مختلف منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی جوکہ آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور بہت جلد کراچی کے شہریوں کو ماضی کی طرح رہائشی اور انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں سستی و معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

جامعة المصفطیٰ الرضویہ کے مہتمم مفتی عابدمبارک المدنی نے شہر کراچی کی ترقی اور وسیع پیمانے پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے بلاتفریق آپریشن پر ڈی جی کے ڈی اے اور متعلقہ حکام و ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی۔آخر میں مفتی عابد مبارک المدنی نے ڈی جی کے ڈی اے کو مدرسہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔وفد میں مولانا توقیر مصطفائی، مفتی محمد عامر ہزاروی، مفتی سلطان احمد مدنی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :