چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف دیا جائیگا ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 26 اپریل 2018 22:04

ڈی جی خان۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ضلع ڈیرہ غازیخان میں گندم خریداری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیاگیا ہے، کاشتکاروں کو باردانہ کی ترسیل شروع کرنے کے ساتھ آج27اپریل سے خریداری کی جائیگی، ضلع بھر میں 9خریداری مراکز سے 96000میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی ، صوبہ بھر میں مہم کو شفاف بنانے کیلئے وزراء اور سیکرٹریز کی ڈیوٹیاں لگانے کے ساتھ ہیلی پیڈ تیار کرلئے گئے ہیں ، ضلع ڈیرہ غازیخان میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کیلئے سیکرٹری انہار پنجاب کیپٹن (ر)اسد اللہ خان کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی ، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف دیا جائیگا ، آٹھ بوری فی ایکڑ کے حساب سے زیادہ سے زیادہ دس ایکڑ تک کیلئے بار دانہ دیا جائیگا تاکہ زیادہ کاشتکار مستفید ہوں ، میرٹ اور شفاف طریقے سے بار دانہ کا اجراء اور ریکارڈ مرتب کیاجائیگا۔