پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائی

11گراں فروشوں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج،تین کو جرمانے ،آٹھ کو وارننگ نوٹس جاری

جمعرات 26 اپریل 2018 22:06

لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے صارفین کی شکایات پر گلبرگ کی اوپن مارکیٹوں کا دورہ کیا اور سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے 11دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج ،تین کو بھاری جرمانے جبکہ آٹھ گراں فروشوں کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ، تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی سی میان عثمان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ انور ساجد سندھو کے ہمراہ گلبرگ مین مارکیٹ سمیت دیگر اوپن مارکیٹوں میں ڈیپارٹمنٹل، جنرل سٹورز، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی دکانوں کا تفصیلی دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ، دکانداروں کی جانب سے پھل اور سبزیاں مقررہ نرخوں سے دو گنا زائد قیمتوں پر فروخت کئے جارہے تھے جبکہ متعدد دکانداروں نے ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کر رکھی تھیں ، جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11دکانداروںکے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے گرفتار کر ادیا ، تین کو ہزاروں روپے جرمانے جبکہ آٹھ دکانداروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پرائس کنٹرو ل کمیٹی میاں عثمان نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانا ہے اور اس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی ، صارفین کی جانب سے جس علاقے سے شکایات موصول ہوتی ہیں ہماری کوشش ہے کہ فی الفور وہاں پہنچا جائے، آئندہ چند روز میں رمضان المبارک کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان بھی کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :