تعلیمی اداروں میں بہتری لانے کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا،ڈپٹی کمشنر قائم خان لاشاری

جمعرات 26 اپریل 2018 22:07

کوئٹہ۔ 26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر قائم خان لاشاری نے کہا ہے کہ تعلیم پر توجہ دینے والی قومیں ہی دنیا پر حکمرانی کر رہی ہیں۔تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔تعلیمی اداروں میں بہتری لانے کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا تاکہ ہماری آنے والی نسل علم و قلم جیسی نعمت سے محروم نہ رہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان یونیورسٹی میں تقسیم لیپ ٹاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکٹر کمانڈرنارتھ بریگیڈیئر ندیم سہیل ،سابق وزیر تعلیم عبدالواحد صدیقی ،وزیر اعلیٰ کے خصوصی معاون آغا نواب شاہ، ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام مولانا کمال الدین سمیت قبائلی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کودور حاضر کی جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کی فراہمی سے تعلیمی چیلنجزکا مقابلہ کرنا مقصود ہے جبکہ تعلیم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اور بچیاں استفادہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور پاک فوج کے اشتراک سے تعلیمی میدان میں بہتری لانے کی کاوشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کے ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم سے والدین کو خوشی اور اعتماد کا فضاء میسر ہوا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر ندیم سہیل نے بھی تعلیم کی افادیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے سے ہی قوم میں شعور آزادی اور وطن عزیز سے محبت کا جزبہ بیدار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام وطن عزیز سے محبت کرنے والے، تہذیب یافتہ، پرامن اور باکمال ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم عبداالواحد صدیقی نے کہا کہ ملک و قوم کی فلاح اور بقاء تعلیم سے ہی وابسطہ ہے۔جبکہ جدیدتعلیم وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ہمیں تعلیمی اداروں سے ملکر قوم کے معماروں کو جدید تعلیم سے روشناس کرانے کے لیے بھر پور اقدامات کرنا ہو نگے۔

سرکاری اسکولوں میں وسائل کی کمی ضرور ہے۔مگروالدین اور عوام کی طرف سے تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔تقریب کے آخر میں ہونہار طلباء و طالبات میںفروغ تعلیم کے لیے مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیئے گئے،جس پر طلباء نے پاک فوج اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے جدیدتعلیمی اصلاحات کویقینی بنانے پران کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اطمنان اورخوشی کا اظہار کیاہے۔