پاکستان اور چین کو کاروباری ، تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیکر سرمایہ کاری کے مواقعوں سے اٹھانا چاہئے ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی چین کے 7رکنی کاروباری وفد سے گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 21:49

پاکستان اور چین کو کاروباری ، تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیکر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کیساتھ تعلقات پر فخر ہے،دونوں ممالک کو کاروباری ، تجارتی، سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے ان خیالا ت کااظہار چین کے 7رکنی کاروباری وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

چین کے وفدکی قیادت چین کی کمپنی CETCکے چیئرمین ڑو چانگ کررہے تھے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ چین کی ریاستی کمپنیوں کو پاکستان میں میسر نجی شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے کمپنیوں کیساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک اور عوام کوفائدہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات و تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کی دوستی کی ایک مثالی تاریخ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہی ہے۔

چینی وفد کے رہنماء نے ڈپٹی چیئرمین کے خیالات سے ا تفاق کرتے ہوئے تجارتی و کارباری تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تعاون اور تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اور سرمایہ کاری کے فروغ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔