رواں ماہ 107خطرناک اشتہاریوں سمیت 1872مشتبہ افراد کو گرفتار ہوئے، کوہاٹ پولیس

جمعرات 26 اپریل 2018 22:14

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) کوہاٹ پولیس نے ماہ رواں 107خطرناک اشتہاریوں سمیت 1872مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ۔ضلع بھر کے متعدد مقامات پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میںبارودی مواد، خود کار ہتھیاروں اور مختلف قسم کی منشیات کی بھاری کھیپ بھی پکڑی گئی ہے۔گرینڈ سرچ آپریشن میں زیر حراست مشتبہ افراد کی نسبت ضابطہ فوجداری کے تحت ضمانت چال چلن کی کاروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے واضح ہدایات کی روشنی میں مطلوب اشتہاری مجرموں کی سرکوبی ، قانون شکن عناصرکیساتھ سختی سے نمٹنے اورقومی ایکشن پلان کے تحت قیام امن کا مطلوبہ مینڈیٹ یقینی بنانے کیلئے شہر کے چپے چپے میں پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس معلومات اور مشکوک سرگرمیوں کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات پر ایس پی آپریشنز جمیل اختر کی زیرنگرانی پولیس اور ایلیٹ فورس نے ماہ اپریل کے دوران ضلع بھر کے دو سو سے زائد مقامات پر سرچ آپریشنز اور اچانک چیکنگ کے نتیجے میں قتل و اقدام قتل،اغوائیگی ،بھتہ خوری،سٹریٹ کرائمز اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب 107اشتہاری مجرموں سمیت 1872مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 15کلاشنکوف،7کلاکوف،34بندوق، 16رائفل،9ریپیٹرز، 63پستول،ہزاروں کی تعداد میں مختلف بور کے کارتوس،درجنوں میرج بم ،16کلو گرام ہیروئن،37کلو گرام چرس، 3کلو گرام افیون اور 41بوتل شراب برآمد کرکے قبضے میں لے لئے ہیں۔

مشتبہ دہشتگردوں اور مطلوب اشتہاریوں کی تلاشی میں منظم حکمت عملی کے تحت بڑے پیمانے پر جاری گھر گھر سرچ آپریشن میں کرایہ کے گھروں میں مقیم افرادکے کوائف کی چیکنگ کا عمل باقاعدہ طور پر دہرایا گیا اور مقامی تھانوں سے رجسٹریشن کئے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم 7افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔علاوہ ازیں شہر کی اہم شاہراہوں اور قبائلی علاقوں سے ملحقہ خفیہ راستوں پر پولیس کی اچانک چیکنگ کے دوران وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون سروسز کی جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ماہ رواں پچاس ہزار کے قریب گاڑیوں اور چالیس ہزار سے زائد اشخاص کی مئوثر چیکنگ یقینی بنائی گئی اور اس دوران مشکوک موٹر سائیکلوں سمیت چھوٹی بڑی 150گاڑیوں کو چھان بین کیلئے تحویل میں لیکر متعلقہ تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ خود کار موبائل فون سروسز کے ذریعے موقع پر چھان بین کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کی نسبت ضابطہ فوجداری کے تحت ضمانت چال چلن کی کارروائی عمل میںلائی گئی ہے ۔