گلوبل ایجوکیشن ویک کے حوالے سے پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن کے زیر اہتمام سیمینار کاانعقاد

جمعرات 26 اپریل 2018 22:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) گلوبل ایجوکیشن ویک کے حوالے سے پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن اور سندھ ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک سیمینار ہوا جس کا موضوع تھا ’’تعلیم دو ووٹ لو‘‘ بڑی تعداد میں مختلف سماجی تنظیموں کے رہنماؤں ، محکمہ تعلیم کے افسران اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی اقلیتی برادری کے رہنما ایم پرکاش ایڈووکیٹ، فردوس سانگی، ارشاد جونیجو ، پارس غفار ، علی احمد چانڈیو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلوبل ایجوکیشن ویک منانے کا مقصد تعلیم کے حوالے سے صورتحال کاجائزہ لینا اور تعلیم کے سلسلے میں کوتاہیوں کو اُجاگر کرنا ہے انہوں نے کہاکہ اب چونکہ انتخابات قریب ہیں اس لئے جو بھی امیدوار ووٹ لینے کیلئے آئے اس سے پہلے یہ وعدہ لیا جائے کہ وہ اپنے حلقے میں تعلیم کے فروغ کیلئے کیا کردار ادا کرے گاانہوں نے کہاکہ تعلیم معاشرے کا اہم جز ہے اور اس کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت نے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی لیکن اس کے بھی کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے ہیں، چونکہ بیڈ گورننس کی وجہ سے سندھ میں تعلیمی نظام ابتری کا شکار ہے ، سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے کہیں اساتذہ نہیں ہیں تو کہیں سہولیات نہیںکہیں تعلیمی ماحول نہیں آج بھی سندھ میں ہزاروں کی تعداد میں اسکول حکومتی نااہلی کی وجہ سے بند پڑے ہیں ۔

جبکہ لاکھوں کی تعداد میں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور انہیں تعلیم کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی، انہوں نے کہاکہ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات باآسانی عوام تک پہنچائیں لیکن تعلیم کے نام پر سندھ میں جس طرح کی صورتحال ہے خاص طورپر دیہی علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں ، تعلیمی نصاب آج بھی وہی فرسودہ ہے جس کی وجہ سے تعلیم میں بہتری پیدا نہیں ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :