حکومت خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھ سکیں،

پاکستانی خواتین کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، بچیوں کے لئے آئی سی ٹی کو ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے ساتھ ضم کیا جائے گا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کمپیوٹر کوڈنگ کی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 22:30

حکومت خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر اہتمام کمپیوٹر کوڈنگ کی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیرا عظم نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستانی خواتین کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ملک بھر سے لڑکیوں کو کمپیوٹر تعلیم کی عملی تربیت کی فراہمی کے لئے منصوبے کو سراہا جس سے انہیں اقتصادی طورپر مستحکم ہونے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام 30 ہزار خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آگاہی فراہم کرے گا جو پاکستان بیت المال کا حصہ ہیں اور آئی سی ٹی سکول پروگرام سے ایک لاکھ 10ہزار طالبات مستفید ہوں گی۔

انہوں نے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وسیع تر رسائی کے حوالے سے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ بچیوں کے لئے آئی سی ٹی کو ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے ساتھ ضم کیا جائے گا اور یہ انہیں روزگار کی فراہمی اوران کے خاندانوں کو اپنے پائوں پرکھڑاہونے میں معاون ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے لئے ڈیجیٹل مہارتوں سے آگاہی کے لئے کئی نئے شعبے موجود ہیں۔

یہ پروگرام خواتین کے لئے مواقع کی نئی دنیا کشادہ کرے گا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اس اہم پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ ملک کی خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں سبقت حاصل کررہی ہیں۔ وزیرا عظم نے کہاکہ حکومت خواتین کو یکساں مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوںکا بہترین انداز میں مظاہرہ کر کے آگے بڑھ سکیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی شعبہ میں ان تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں براڈ بینڈ رابطہ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کو جدید سہولیات زندگی میسرآئیں گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہاکہ یہ پروگرام لڑکیوں کو کمپیوٹر مہارتوں سے آگاہی فراہم کرے گا جس کے نتیجہ میں وہ مختلف روزگار سے وابستہ ہو سکیں گی۔

انہوں نے کہاکہ لڑکیوں نے ملک میں قائم 144 مراکز میں کوڈنگ، کمپیوٹنگ اور کوچنگ میں تربیت حاصل کی۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ یو ایس ایف لڑکیوں کے لئے آئی سی ٹی پروگرام کے تحت دو منصوبے چلا رہی ہے، ایک منصوبہ پاکستان بیت المال کا خواتین کو با اختیار بنانے کے مراکز کے حوالے سے ہے جو 150 کمپیوٹر لیب پر مشتمل ہے جس سے سالانہ 30 ہزار بچیاں مستفید ہو رہی ہیں جبکہ دوسرا منصوبہ وفاقی نظامت تعلیمات کے گرلز سکولوں میں چلایا جا رہا ہے جو 226 لیب پر مشتمل ہے اور اس سے سالانہ ایک لاکھ 10 ہزار طالبات فائدہ اٹھا رہی ہیں جبکہ 202 ٹیچرز کو تربیت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے اس پروگرام میں معاون شراکت دار کا کردار ادا کرنے پر یونیورسل سروس فنڈ، مائیکرو سافٹ، یو این وومن اور ہواوے کا شکریہ ادا کیا۔ منصوبے سے مستفید ہونے والی طالبات نے تقریب کے دوران اپنے تجربات کے بارے میں بتایا اور وزیراعظم، وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے ان کی زندگیوں میں بہتری آئی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یونیورسل سپورٹ فنڈ اور یو این وومن کے درمیان " لیٹر آف انٹینٹ " پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔ انہوں نے ڈیجیٹل تربیت حاصل کرنے والی بچیوں میں ہواوے کی طرف سے 150 الیکٹرانک ٹیبلٹس بھی تقسیم کئے۔