کراچی،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی صدارت میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد کر نے کیلئے حکومت سندھ کی قائم کی گئی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا

جس میں منصوبہ پر عملدرآمد میں حائل تجاوزات ہٹانے کیلئے ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ڈپٹی کمشنرز ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات کا جائزہ لیں اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیں

جمعرات 26 اپریل 2018 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی صدارت میں ان کے دفتر میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد کر نے کیلئے حکومت سندھ کی قائم کی گئی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبہ پر عملدرآمد میں حائل تجاوزات ہٹانے کیلئے ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا کمشنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات کا جائزہ لیں اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکلر ریلوے کے ٹریک پر موجو د تمام غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے ٹریک پر قابض ان تمام دکانداروں اور کاروبار کر نے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اورغیر قانونی طور پر قابض دکانداروں کو معاوضہ نہیں دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تاہم مستحق متاثرین کی بحالی کی مدد کرنے پر غور کیا گیا کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمہ اور منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے مربو ط کوششیں کریں ۔

کمشنر نے کہا کہ حکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے ۔ ماس ٹرانزٹ منصوبہ اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ شہر کی اہم ضرورت ہے ۔ حکومت کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کو تیز رفتار ی کے ساتھ مکمل کر نا چاہتی ہے ۔ منصوبہ کو جلد مکمل کر نے اور ترجیحی اقدامات کے لیئے اوور سائٹ کمیٹی اور ٹاسک فورس قائم کی گئیں ۔

تاکہ اعلی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹاسک فورس کے گاہے بہ گاہے اجلاس ہوں گے اور ہر ہفتہ ٹاسک فورس کی کارروائی اور کار کردگی رپورٹ اوور سائٹ کمیٹی کو پیش کی جائے گی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کے ارکان میں ڈویثر نل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے، ڈی آئی جی کراچی پولیس، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی، مینجنگ ڈائریکڑ، کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن، تمام ضلعی بلدیات کے میونسپل کمشنرز، ٹاسک فورس کے ارکان ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنر ل ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ٹاسک فورس کے رکن اور سیکریٹری ہیں۔

اجلاس میں ٹاسک فورس کے ارکان اور دیگر نے شر کت کی۔کمشنر نے کہا کہ کراچی سر کلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد سے شہر میں ٹرانسپورٹ کی سہولتیں بہتر بنانے کی حکومت کی کوششوں میں مدد ملے گی۔#