Live Updates

رحیم یار خان، ڈیڑھ سال سے روزانہ عدالتوں میں حاضر ہونے کے باوجود نواز شریف کے خلاف آج تک کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا،حمزہ شہباز

جو نواز شریف کی بے گناہی کا مکمل ثبوت ہے اور 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان بھر سے ن لیگ کی ریکارڈ کامیابی ایک بار پھر ثابت کرے گی کہ نواز شریف کی پاکستانی عوام کے اصل نجات دہندہ ہیں،مسلم لیگی رہنماء کا ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 22:32

رحیم یار خان، ڈیڑھ سال سے روزانہ عدالتوں میں حاضر ہونے کے باوجود نواز ..
رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) مسلم لیگی رہنماء ایم این اے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے روزانہ عدالتوں میں حاضر ہونے کے باوجود نواز شریف کے خلاف آج تک کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا جو نواز شریف کی بے گناہی کا مکمل ثبوت ہے اور 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان بھر سے ن لیگ کی ریکارڈ کامیابی ایک بار پھر ثابت کرے گی کہ نواز شریف کی پاکستانی عوام کے اصل نجات دہندہ ہیں ۔

گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں مسلم لیگی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم بننے کا شوق شیروانی پہن کر پی ٹی آئی کے ورکز سے وزیر اعظم وزیر اعظم کے نعرے لگوا کر پورا کر سکتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ وزیر اعظم بننے کیلئے اوپر کے اشاروں کی بجائے نواز شریف بننا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران اور زرداری کا اتحاد مسلم لیگ کو نقصان نہیں پہنچ سکتا کیونکہ دونوں کچھ عرصہ قبل تک ہاتھ نہ ملانے کے نعرے لگا رہے تھے لیکن آج اوپر کے اشارے پر ایک دوسرے کے پہلو میں بیٹھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 5سال تک حکومتی فوائد اٹھانے والوں کو آج جنوبی پنجاب کے عوام کی یاد ستانے لگی ہے اور وہ جنوبی پنجاب صوبہ کے محاذ پر ایک دفعہ پھر عوام کو بیوقوف بنانا چاہ رہے ہیں لیکن جنوبی پنجاب کی عوام ان کے ڈھکوسلوں میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج عوام کو مسائل سے نجات دلانے کا نعرہ لگانے والے آصف علی زرداری پر تو چین نے بھی اعتبار نہیں کیا تھا اور ان کے چین کے کئی چکر لگانے کے باوجود چین نے نواز شریف پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے اربوں ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی اور اس وقت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جو شریف برادران کی حکومتوں کا چین کے کھلے اعتماد کا اظہار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کے پی کے میں اپنے چند ایم پی ایز پر 2 دو ،3 تین کروڑ لینے کا الزام لگا کر اپنی پارٹی سے نکال دیا لیکن اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث کئی سیاستدانوں کو وہ کس منہ سے اپنی پارٹی میں شامل کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی آف شور کمپنیوں کو بھی ناجائز قرار دے کر ان کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ،شیخ زید میڈیکل کالج ،انڈسٹریل اسٹیٹ ،دانش سکول اور موٹر وے جیسے پراجیکٹس مکمل ہوئے ہیں اور اگر اللہ نے موقع دیا تو رحیم یار خان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں مزید پروجیکٹس دیں گے ۔قبل ازیں وکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم ارشد خان لغاری نے کہا کہ چند اداکاروں نے کچھ عرصہ قبل جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا نعرہ لگا کر یہاں کی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی لیکن وہ آج حمزہ شہباز کو بتانا چاہتے ہیں کہ کل کی طرح آج بھی ضلع بھر کی عوام میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر ضلع بھر سے کلین سویپ کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نیازی ،زرداری اور قادری پہلے ہی نواز شریف کا کچھ نہیں بگاڑ سکے اور آئندہ بھی وہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بال بھی بانکا نہیں کر سکیں گے ۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خصوصی تعلیم چوہدری محمد شریف ،ایم این اے میاں امتیاز احمد اور ن لیگ کے ضلعی صدر خالد شاہین نے حمزہ شہباز کو یقین دلایا کہ جس طرح وہ پرویز مشرف کے مشکل وقت میں ن لیگ کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اسی طرح وہ آئندہ بھی مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ہی اپنی سیاست جاری رکھیں گے اور انہیں توقع ہے کہ ضلع بھر کی عوام مسلم لیگ ن پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے ۔

ورکرز کنونشن میں ایم این اے مائزہ حمید ،ایم پی ایز چوہدری محمد جعفر ،میاں اسلام اسلم ،محمود الحسن چیمہ ،نواز خان رند ،کانجی رام ،مسلم لیگی رہنماء چوہدری مسعود مجید اور چوہدری شوکت دائود سمیت ضلع بھر سے مسلم لیگی ورکرز ،عہدیداران اور بلدیاتی اداروں کے ارکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات