کمشنر ڈیرہ کی ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی کرشنگ سٹون فیکٹریز کے خلاف کارروائی کی ہدایت

جمعرات 26 اپریل 2018 22:54

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کیلئے متعلقہ محکموں کے تعاون سے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنے دفتر میں سٹون پروٹیکشن ایکٹ 2014ء کی رو سے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی سے بچنے سے متعلق متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ڈی او، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات و بلڈنگ ، تحصیل میونسپل آفیسر و دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹون پاور کرش ایکٹ 2014کے مطابق ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کیلئے اس راہ میں حائل تمام نقائص ختم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر کرش پلانٹس یونین نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ ڈی آئی خان اور اس کے گرد و نواح میں جو بھی کرشنگ پلانٹس ماحولیاتی آلودگی کی وجہ بن رہے ہیں ان کے خاتمے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی بہت سی بیماریوں کو جنم دیتی ہے لہذا تمام ادارے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سٹون پاور کرش پروٹیکشن ایکٹ 2014کی رو سے ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے کرشنگ سٹون فیکٹریز کے خلاف کاروائیاں کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو لوگوں کی تکالیف کا پوری طرح احساس ہے ، حکومت نے لوگوں کو صحت مند اور پرفضا ماحول فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے ای پی اے ، معدنیات، ٹی ایم اے کو ہدایات جاری کیں کہ کرشنگ سٹون فیکٹریز کی مانیڑنگ کی جائے اور جو پلانٹس ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں انہیں مکمل ختم کیا جائے۔