کوہاٹ پولیس کی کارروائی،برقعہ پوش اشتہاری مجرم سہولت کار سمیت گرفتار

جمعرات 26 اپریل 2018 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) کوہاٹ میں پولیس نے دوہرے قتل کے اشتہاری مجرم وزیر حسین کو اسلحہ سمیت ڈرامائی انداز میں سہولت کار سمیت گرفتار کرلیا ۔برقعہ پوش اشتہاری مجرم خواتین کا لباس پہن کر مسافر کوچ میں اورکزئی ایجنسی فرار ہونے کی تیاری میں تھا ۔اشتہاری مجرم کیساتھ انکے سہولت کار میر حسن کو بھی دھر لیا گیا ہے۔

زیر حراست اشتہاری مجرم نے سال 2013کے دوران عید کے روز باپ بیٹے کو بے دردی سے قتل کردیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کو ملنے والی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ استرزئی قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ اورکزئی کی رابطہ سڑک پر واقع مرئی چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کی تھی کہ اس اثناء میں کوہاٹ شہر سے اورکزئی ایجنسی جانے والے ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے کوچ میں سوار دوہرے قتل کے ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرم وزیر حسین ولد اسرار حسین سکنہ اورکزئی ایجنسی حال بوسی تنگ چکر کوٹ بالا کو انکے سہولت کار میر حسن ولد گل حسن ساکن اوریزئی ایجنسی سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس نے زیر حراست اشتہاری اور اسکے ساتھی کے قبضے سے دو پستول اور درجنوں کارتوس بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لئے ہیں۔

مسافر کوچ میں بیٹھااشتہاری مجرم خواتین کا لباس پہن کر برقعہ اوڑھے اورکزئی ایجنسی فرار ہونے کی تیاری میں تھا کہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔اشتہاری مجرم کے سال 2013کے دوران دیرینہ دشمنی پر عید کے روز کچہ پکہ کے مقام پرموسیٰ خان اور اسکے نویں جماعت میں پڑھنے والے پندرہ سالہ بیٹے تسلیم علی کو گاڑی سے کچل کر فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا تھا۔پولیس نے زیر حراست اشتہاری مجرم وزیر حسین اور سہولتکار میر حسن کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کردیا ہے جہاں ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اشتہاری مجرم نے باپ بیٹے کے دوہرے قتل کی واردات کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔