دوا فروش عطائی ڈاکٹروں کے خلاف مہم میں انتظامیہ سے تعاون کریںاسسٹنٹ کمشنرڈیرہ

جمعرات 26 اپریل 2018 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فہید الله خان نے کہا ہے کہ دوا فروش انسانیت کی خدمت سے سرشار ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف جاری مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈیرہ پریس کلب میں میڈیسن ڈسٹری بیوشن ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام دوا فروشوں کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب کی صدارت ڈرگ ایسو سی ایشن کے صوبائی سینئر وائس چیئر مین لطیف الرحمٰن نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فہید الله خان نے کہا کہ دوا فروش عوام کو معیاری ادویات فراہم کریں، جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت سے اجتناب کریں، عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے دوا فروشوں اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریجنل چیف ڈرگ انسپکٹر عبد الحفیظ، ٹانک کے ڈرگ انسپکٹر گوہر علی خان، سابق چیف ڈرگ انسپکٹر ملک محمد علی خان نے بھی خطاب کیا اور دوا فروشوں پر زور دیا کہ وہ ڈرگ ایکٹ 1976کی مکمل پاسداری کریں۔ اس موقع پر صوبائی ڈرگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری لطیف الرحمٰن خان نے کہا کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف مہم میں حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ رجسٹرڈ میڈیکل سٹورزکے خلاف اس مہم کے دوران کارروائی سے گریز کیا جائے کیونکہ وہ ایک قانونی طور پر جائز پیشے سے وابستہ ہیں۔