ڈپٹی کمشنر ٹانک کا موضع ممریز پٹھان کا دورہ

مختلف تعلیمی اداروں ، بی ایچ یو اور مجوزہ پل کی سائٹ کا دورہ۔سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال ، فرنیچر کی عدم دستیابی اور سٹاف کی غیر حاضری کا نوٹس

جمعرات 26 اپریل 2018 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر ٹانک کا موضع ممریز پٹھان کا دورہ۔ مختلف تعلیمی اداروں ، بی ایچ یو اور مجوزہ پل کی سائٹ کا دورہ۔سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال ، فرنیچر کی عدم دستیابی اور سٹاف کی غیر حاضری کا نوٹس۔ محکمہ ایجوکیشن کے اعلیٰ حکام سے فوری ایکشن لینے کی سفارش۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روز اپنے دورہ ممریز پٹھان کے دوران گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول اور گورنمنٹ مڈل سکول ممریز پٹھان کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر جہاں انہوں نے صفائی کی صورتحال کو غیر تسلی بخش پایاوہیں انہوں نے باتھ رومز کے غیر فعال ہونے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیاجبکہ سکولوں میں بعض اساتذہ اور کلاس فور ملازمین بھی غیر حاضر پائے گئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں انہوں نے فوری طور پر محکمہ تعلیم سے سفارش کی کہ نہ صرف غیر حاضر سٹاف کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے بلکہ صفائی کی صورتحال اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔

اسی طرح بی ایچ یو کی غیر حاضر ایل ایچ وی کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کی سفارش کی گئی جبکہ بی ایچ یو میں جاری تعمیراتی کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر نے موضع ممریز جمال کے دورے کے دوران لوگوں کے دیرینہ مطالبے پر منظور ہونے والے پُل کی تعمیر ٹینڈر ہونے کے باوجود شروع نہ کرنے پر سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کے احکامات دیتے ہوئے سی اینڈ ڈبلیو کے حکام کو ہدایت کی کہ پُل کی تعمیر پر فوری کام شروع کیا جائے کیونکہ یہ علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مسئلہ ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا مزید تاخیر کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :