حیدرآباد، موٹروے پولیس سیکٹر تھری کی اوور اسپیڈ، رونگ سائیڈ اوور ٹیکنگ اور لین وائلیشن کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی

آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی خصوصی ہدایت پر ہزاروں گاڑیوں پر جرمانے عائد کرکے ڈرائیوروں کو وارننگ دی گئی

جمعرات 26 اپریل 2018 23:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) انسپکٹرجنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی خصوصی ہدایت پر موٹروے پولیس سیکٹر تھری کی جانب سے اوور اسپیڈ، رونگ سائیڈ اوور ٹیکنگ اور لین وائلیشن کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ہزاروں گاڑیوں پر جرمانے عائد کرکے ڈرائیوروں کو وارننگ دی گئی ، موٹروے پولیس سیکٹر تھری کے ترجمان نعیم صدیقی کے مطابق گذشتہ روز موٹروے پولیس سیکٹر تھری لیاری ایکسپریس وے اور بیٹ 35 کراچی، بیٹ 34 نوری آباد، بیٹ 33 جامشورو اور بیٹ 32 مٹیاری کی جانب سے اوور اسپیڈ، رونگ سائیڈ اوور ٹیکنگ اور لین وائلیشن کر نے والی مجموعی طور پر3864 گاڑیوں پر جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 7416 گاڑیوں کے ڈرائیورز کو بریفنگ اور وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا، اس سلسلے میں ایس ایس پی موٹروے سیکٹر تھری کرم اللہ سومروکا کہنا ہے کہ اکثر حادثات لین کے مسلسل غلط استعمال اور ڈرائیورزکی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ رونگ سائیڈ اوورٹیکنگ اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں اوران حادثات کی روک تھا کیلئے موٹروے پولیس ایم نائن پر اس قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کر رہی ہے،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی گاڑی کا ڈرائیور لین وائلیشن، اسپیڈنگ یا رونگ سائیڈ اوور ٹیکنگ کر رہا ہو تو فوری طور پر موٹروے پولیس کے ایمرجنسی نمبر 130 پر کال کر کے آگاہ کیا جائے تاکہ ایسے ڈرائیورز کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کی جا سکے۔