گورنر سندھ کا سینٹ پیٹرز برگ کے نائب گورنر کے اعزاز میں استقبالیہ

سفارتی و تجارتی تعلقات، اقتصادی تعاون میں اضافہ، تجارتی وفود کے تبادلوں کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 26 اپریل 2018 23:06

گورنر سندھ کا سینٹ پیٹرز برگ کے نائب گورنر کے اعزاز میں استقبالیہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے سینٹ پیٹرز برگ کے نائب گورنر سرگئی موشین اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے تجارتی وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا جس میں دیگر ممالک کے سفارت کار، نامور صنعت کار اور نمایاں شہری بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار ، سفارتی و تجارتی تعلقات ، اقتصادی تعاون میں اضافہ ، کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار حالات ، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے نائب گورنر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین وفود کے مسلسل تبادلوں سے تجارتی روابط بڑھائے جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں اضافہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو 70 سال ہوگئے ہیں لیکن مختلف حالات و واقعات کے باعث یہ تعلقات اتار چڑھائو کا شکار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں نہایت مناسب وقت ہے کہ پاکستان اور روس کے مابین تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے تجارتی وفد کی کراچی آمد اور مختلف صنعتی و تجارتی تنظیموں سے ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور تجارتی تعلقات بڑھیں گے۔ نائب گورنر سرگئی موشین نے کہا کہ وفد کے اراکین صنعت کاروں اور تاجروں سے مل رہے ہیں ان ملاقاتوں کا مقصد باہمی تجارت بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لئے مناسب شعبوں کی نشاندہی بھی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً ٹیکسٹائل کے شعبہ میںباہمی تجارت بڑھائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مہمان نوازی پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔