کے الیکٹرک اور سندھ حکومت گٹھ جوڑ نے شہر کی روشنیاں چھین لی ہیں، سید عبد الرشید

شہر سے اندھیروں کے خاتمے کے لیے آج شہر بھر میں ہڑتال ہوگی، کے الیکٹرک کے خلاف ریلی سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام آج ہونے والی ہڑتال کی حمایت اور کے الیکٹرک کے خلاف ڈینسو ہال سے جامعہ کلاتھ ایم اے جناح روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید نے کی، ریلی میں تاجر برادری ، سول سوسائٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

ریلی سے قبل مظاہرین نے کے الیکٹرک اور سندھ حکومت کے خلاف ڈینسو ہال پر احتجاج بھی کیا ۔ ریلی ڈینسو ہال سے ہوتی ہوئی جامعہ کلاتھ ایم اے جناح روڈ تک مارچ کیا۔ ریلی کے اختتام پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اور سندھ حکومت گٹھ جوڑ نے شہر کی روشنیاں چھین لی ہیں ، شہر کراچی کو اندھیروں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیا ہے،شہر سے اندھیروں کے خاتمے کے لیے آج شہر بھر میں ہڑتال ہوگی، تاجر برادری ، سول سوسائٹی ، ٹرانسوپرٹرز، طلبہ ، اساتذہ سمیت تمام مکاتب فکر نے ہڑتال کی حمایت کر کے ثابت کردیاہے کہ وہ اندھیروں سے خائف نہیں اور شہر کی روشنیاں بحال کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ، پانی اور بجلی شہر قائد کے باسیوں کا بنیادی حق ہے، سید عبد الرشید نے کہا کہ سندھ حکومت اور کے الیکٹرک ای ک ہی سکے کے دو رخ ہیں ، دونوں کا مقصد شہر قائد کی روشنیاں چھیننا اور اسے اندھیروں کے سپرد کرنا ہے، پیپلز پارٹی اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے کے الیکٹرک کا گند وفاقی حکومت پر ڈال رہی ہے اور وفاقی حکومے کے الیکرک کے بے لگام گھوڑے کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے ، وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت میں اپنا کاروبار رضاکارانہ طور پر بندرکھیں ۔