ایم ایم اے منبر و محراب کے ذریعے نفرتوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،مولانا راشد محمود سومرو

جمعرات اپریل 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ایم ایم اے منبر و محراب کے ذریعے نفرتوں کے خاتمے، امت کو جوڑنے، دینی اقدار کی حفاظت اور اصلاح معاشرہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔2 مئی کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہونے والے قومی ورکرز کنونشن میں رابطہ عوامی مہم کے آغاز سمیت قائدین اہم اعلان کریںگے۔

تمام نظام وازم ناکام ثابت ہوچکے ہیں ،جنہوں نے کرپشن،،کرپٹ قیادت مہنگائی اور خودکشیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، اسلام کا عادلانہ نظام ہی تمام مسائل کا حل اور پوری انسانیت کو چین،،سکھ وسکون دے سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ میں ضلعی تنظیم سازی کے پانچویں روز مٹیاری،ٹنڈوالہیار اور میرپورخاص میں ایم ایم اے کی ضلعی تنظیم سازی کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی رہنماء محمد حسین محنتی، محمد اسلم غوری ودیگرمقامی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔مولانا راشد سومرو نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ دفاعی پوزیشن میں ہے۔ ہر طرف مسلمانوں کو دہشتگردقرار اور خون بہایا جارہا ہے۔ شام سے لیکر کشمیر فلسطین تک مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نا اہلی و کرپشن کی وجہ سے سندھ کے لوگ علاج معالجہ کی سہولیات سے بھی محروم اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں۔

جس کی وجہ سے ہیپا ٹائٹس دیگر موذی امراض پھیل رہے ہیں۔ روزگار تعلیم سمیت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں 2 کروڑ بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔ ان تمام مسائل سے نجات صرف ایم ایم اے کی بے داغ اور اہل قیادت ہی دلاسکتی ہے۔قبل ازیں جے یو آئی کے مولانا سارنگ کو ضلع مٹیاری کا صدر اور مولانا جواد ہادی کو جنرل سیکریٹری جبکہ ضلع ٹنڈو الہ یارمیں جے یو آئی کے مولانا دوست محمد کو صدراورجماعت اسلامی کے محمد یونس قائمخانی کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔