پی ایف یو جے (دستور) کی اپیل پر صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے حقوق کے لئے گول بلڈنگ آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی

جمعرات اپریل 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء)حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی طرف سے پی ایف یو جے (دستور) کی اپیل پر صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے حقوق کے لئے گول بلڈنگ آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔اخبارات اور ٹی وی چینلز سے جبری برطرفیوں، تنخواہوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی، صحافیوں اور کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریوں کے واقعات کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس(دستور) کے زیراہتمام یونین کے گول بلڈنگ آفس سے ریلی نکالی گئی اور پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا، ریلی کی قیادت ایچ یو جے (دستور) کے صدر عبدالحفیظ عابد، جنرل سیکریٹری تجمل حسین خان، عثمان اجمیری، شکیل احمد خان، لالہ مرزا خان، فہیم صدیقی، ساجد علی خان اور دیگر سینئر صحافیوں نے کی، شرکاء پینافلیکس اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے کہ میڈیا کارکنوں کے خلاف تشدد اور گرفتاریاں بند کرو، جبری برطرفیاں بند کرو اور تنخواہیں و بقایاجات ادا کرو، ویج بورڈ ایوارڈ ضلعی سطح تک نافذ کیا جائے، صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، روزگار کے تحفظ کی ضمانت دی جائے۔

(جاری ہے)

یونین کے صدر عبدالحفیظ عابد نے خطاب کرتے ہوئے اخبارات اور ٹی وی چینلز سے جبری برطرفیوں اور پرتشدد واقعات کی سخت مذمت کی اور صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی تمام یونینوں پر زور دیا کہ وہ اختلافات ترک کرکے متحد ہو جائیں تاکہ حکومت اور مالکان پر دبائو بڑھایا جا سکے اور روزگار کا تحفظ یقینی ہو سکے، مظاہرے میں یونین کے سینئر عہدیداروں اور صحافیوں اقبال قریشی، اشتیاق احمد خان، نصیر راہی، احتشام ملک، عارف حسین قریشی اور دیگر بھی شریک ہوئے۔