علامہ اقبال ؒ کے کلیات اُردُو کا انٹر نیٹ ایڈیشن اور موبائل ایپلی کیشن جاری کر دی

گئی،عرفان صدیقی بانگِ درا، بال جبریل، ضرب کلیم اور ارمغان حجاز کے مستند نسخے اب نیٹ پر دستیاب ہوں گے،کلامِ اقبال کے فروغ اور تشہیر کے لیے یہ موبائل ایپلی کیشن اہم کردار ادا کرے گی مشیر وزیر اعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لیے وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کلامِ اقبال کے فروغ کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ دو روزہ علامہ اقبالؒ قومی کانفرنس کے اختتام کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا تمام اُردُو کلام اب انٹرنیٹ پر دستیاب ہے اور اس کی موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے یہ کلام سمارٹ فونزپر آف لائن بھی پڑھا جاسکے گا۔

علامہ اقبال کی چار اُردُو شعری تصانیف بانگِ درا، بالِ جبریل، ضرب کلیم اور ارمغانِ حجاز میں شامل 630سے زائد اشعارکا مستند ذخیرہ اب انٹرنیٹ پر دستیاب ہو گیا ہے۔عرفان صدیقی نے بتایا کہ یہ نہایت منفرد ایپلیکیشن ہے جس میں کسی بھی شعر کا پہلا لفظ یا آخری لفظ یا درمیان کا کوئی لفظ سرچ پر دینے کے بعد مطلوبہ اشعار کی پوری فہرست سامنے آجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر شعر کے ساتھ انگریزی ترجمہ بھی دیا گیا ہے جو اقبال اکیڈمی کی تیار کردہ ’’ایپ‘‘کی نمایاں خصوصیت ہے۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال کی مختلف نظموں اور غزلوں پر تیار کی گئی ویڈیوزبھی دیکھی جا سکیں گی۔ کوئی بھی شعر ، غزل یا نظم آسانی کے ساتھ ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعے دوسرے افراد کو بھیجنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے بتایا کہ اگرچہ کلامِ اقبال پہلے بھی انٹر نیٹ پر دستیاب ہے لیکن اقبال اکیڈمی کی ایپلیکیشن کے ذریعے علامہ کے کلام کادرست اور مستند متن فراہم کر دیا گیا ہے۔

عرفان صدیقی نے بتایا کہ یہ ایپلیکیشن اینڈ رائڈ سسٹم پر فراہم کر دی گئی ہے جبکہ 2ماہ کے اندر اندر یہ آئی فون سسٹم پر بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ علامہ اقبال کے تمام فارسی کلام کے مستند نسخوں کی ایپلیکیشن تیار کرنے کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔ اُردُو ڈکشنری بورڈ کی تیار کردہ بائیس جلدوں پر مشتمل اُردُو ڈکشنری کے 2لاکھ 64ہزار سے زائد الفاظ پہلے ہی انٹرنیٹ پر فراہم کئے جا چکے ہیں۔