Live Updates

سوشل میڈیا پر کھوکھلے تبدیلی کا واویلا مچانے والی جماعت بے نقاب ہو چکی ہے ،سکندر شیرپائو

صوبائی حکومت نے صوبے کو ترقیاتی کاموں کے نام پرمسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے، بی آر ٹی منصوبے پر ابھی بھی 60فیصد کام کرنا باقی ہے جو ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد عوامی خدمت نہیں بلکہ وزیراعظم کی کرسی کا حصول ہے، جلسے سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 23:31

سوشل میڈیا پر کھوکھلے تبدیلی کا واویلا مچانے والی جماعت بے نقاب ہو ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کھوکھلے تبدیلی اور ترقیاتی کاموں کا واویلا مچانے والی جماعت عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے ۔انھوں نے کہا کہ عوام کی خدمت عملی اقدامات اور زمینی حقائق کا مقابلہ کرکے کیا جاتا ہے نہ کہ خیالی پلائو پکانے سے کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کو ترقیاتی کاموں جیسے کہ بی آر ٹی کے نام پرمسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے ایک مہینہ حکومت کو رہ گیا ہے جبکہ منصوبے پر ابھی بھی 60فیصد کام کرنا باقی ہے جو ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں چوپریال ضلع سوات میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن اور اے این پی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروںمتقی شاہ،شاکراللہ،محمد بشیر،محمد یوف اللہ،محمد سمیع شاہ،زاہداللہ،محمد عظیم اور جاوید خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

سکندر شیرپائونے کہا کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی سوشل میڈیا تک محدود ہے اور حقیقت میں صوبہ خیبر پختونخوا اور باالخصوص پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے جس سے عیاں ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد عوامی خدمت نہیں بلکہ وزیراعظم کی کرسی کا حصول ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ایک بہت بڑی بد قسمتی ہے کہ ان پر پی ٹی آئی جیسے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دار حکومت مسلط ہوئی جس نے پختونوں کوگزشتہ تقریباً پانچ سالوں میں کھوکھلے نعروں اور پر فریب تبدیلی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے پہلے کہتے تھے کہ کچکول توڑ کر بیرونی قرضے نہیں لینگے لیکن اب انہوں نے قرضوں کے پہاڑ آنے والی حکومت کیلئے بطور تحفہ چھوڑے۔انھوں نے کہاکہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے جو اس کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ان سے ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں کو ہر فورم پر بے نقاب کرکے ان کی بھر پور نمائندگی کا حق ادا کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے نظر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان میں شدید مایوسی اور محرومی پائی جارہی ہے۔انھوں نے خیبر پختونخوا میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیااورکہا کہ وفاقی حکومت امتیازی پالیسیوں سے گریز کرتے ہوئے سستی اور اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے صوبہ سے ناانصافی بند کرکے یہاں کے پسماندہ عوام کو ہرسطح پر ریلیف دے۔

سکندر شیرپائو نے کابل اور کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں حالات پھر خراب ہورہے ہیں اس طر ف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔اجتماع سے قومی طن پارٹی ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونو،پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین شیربہادرزادہ خان،امجد خان اورنصراللہ خان کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات