ڈی جی نیب بلوچستان کی کھلی کچہر ی

عوام نے مختلف محکموں کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے

جمعرات 26 اپریل 2018 23:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) ڈائر یکٹر جنر ل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ کی جا نب سے نیب کوئٹہ میں ایک کھلی کچہر ی کا انعقاد کیا گیا جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں شکایت کنندگان ڈی جی نیب بلوچستان کے روبرو پیش ہوئے۔اس موقع پرڈائیریکٹر جنرل نیب نے شکایت کنندگان کوکرپشن کے تدارک کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعدد درخواستوں پر نیب شکایت سیل کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کرد ئیے۔

انہوں نے بد عنوانی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کر تے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے ملکی وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث عناصر کی نشاندہی احتساب کے اداروں کو کر کے اپنے حصے کا کام جار ی رکھے گا، بد عنوانی سے نفرت سے ہی آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب بلوچستان نے اس موقع پر درخواست گزاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کرپشن کے تدارک کے حوالے سے تمام شکایات پر قانون کیمطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں احتساب سب کیلئے یکساں پالیسی کیمطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ڈی جی نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے کرپشن کے خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو عوام کی کرپشن کے حوالے سے شکایات کے ازالہ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑیگا۔ تاہم معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ صرف نیب کی کاوشوں سے ممکن نہیں اس عفریت پر قابو پانے کے لئے عوام کی مکمل تائید اور تعاون نا گزیر ہے ۔ معاشرے کے تمام طبقات کو اس بیماری کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :