جڑواں شہروں کی انتظامیہ باہم مل کر 07 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دیں، میئر اسلام آباد

جمعرات 26 اپریل 2018 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیو مہم سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے پولیو سے متعلق تمام ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور جڑواں شہروں کی انتظامیہ باہم مل کر 07 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے آغاز سے قبل اور مہم کے اختتام پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے جس میں وسائل اور مہم کے دوران در پیش آنے والے مسائل کا جائزہ لیاجائے تاکہ آئندہ آنے والی پولیو مہم کو زیادہ موثر بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار اسلا م آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے جمعرات کے روز وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر میئر اسلام آباد کی سر براہی میں قائم کی گئی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں راولپنڈی و اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جڑواں شہروں کی ٹاسک فورس بنانے کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے ساتھ موئثر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی بنانا ہے تاکہ پولیو جسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں راولپنڈی و اسلام آباد کی واضح حد بندی کے لیے میئر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ راولپنڈی کے وہ تمام علاقے جہاں راولپنڈی کی پولیس کا اختیار ہے وہاں راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ پولیو کی مہم میں بچوں کو قطرے پلائے گی جبکہ اسلام آباد پولیس کی حدود کے تمام علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے کی ذمہ داری میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

میئر اسلام آباد نے کہا کہ جڑواں شہروں کی حد بندی واضح نہ ہونے کے باعث بہت سارے بچے پولیو مہم کے دوران نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سات یونین کونسلوں کی حدود راولپنڈی کے ساتھ جبکہ راولپنڈی کی 30 یونین کونسلوں کی حدود اسلا م آباد کے ساتھ ملتی ہے لہذا واضح حد بندی ضروری ہے تاکہ جڑواں شہروں کا کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی رجسٹریشن اور ان کا مکمل ڈیٹا پولیو مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے ایم سی آئی ،اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے علاوہ دونوں شہروں کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی کہ وہ 07 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے لیے دیئے گئے پلان کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہو ں نے پولیو مہم کے اختتام پر ٹاسک فورس کی میٹنگ بلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پولیو مہم کی کامیابی اور دورانِ مہم درپیش مسائل کا جائزہ لیکر پولیو مہم کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جڑواں شہروں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کردار بہت اہم ہے اور یہ بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچو ں کو قطرے پلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کی بیماری پر مکمل قابو پانے کے لیے عملے کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے اور بذریعہ اخبارات اشتہار دیا جا چکا ہے اور بہت جلد نیا عملہ بھی بھرتی ہو کر اس قومی فریضے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا ہم سب کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ ہم اس موذی مرض کے خلاف جہاد جاری رکھیں تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو پولیو سے مکمل چھٹکارہ دلا سکیں۔