بلوچستان حکومت تعلیم اورصحت کے شعبوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، اسپیکر راحیلہ درانی

جمعرات 26 اپریل 2018 23:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں تعلیم اورصحت کے شعبوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب کے مہمان خاص وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو تھے ۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی میر اورنگزیب کھیتران ، پرنسپل نورجہاں کھیتران کے علاوہ اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے دورہ کالج کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طالبا ت کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گورننس کی اعلیٰ مثال پیش کی ہے اور انہوں نے حکمرانی میںعام آدمی کو جو کلیدی اہمیت دی ہے وہ قابل ستائش ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے شہر کے اچانک دوروں اور خاص طور سے ہسپتالوں کے دورے کا خصوصی طور پر خیر مقدم کیا ۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ میری روز اول سے کوشش رہی ہے کہ تمام اداروں کی بہتری کیلئے کام کروں خاص طور سے تعلیمی اداروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چار سالا بی ایس پروگرام کا آغاز بغیر کسی تیاری کے کیا گیا ۔ جس سے نہ صرف اساتذہ بلکہ طلبہ کو بھی مشکلات درپیش ہیں ۔ اس کے علاوہ بی اے ۔ بی ایس سی کو رسز کی اہمیت اپنی جگہ قائم ہے اور اسے عدم توجہی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تجربہ کار اساتذہ کی کمی ہے اور موجود اساتذہ کو ضروری تربیت فراہم کرکے یہ کمی پوری کرکے کالجوں میں 4سالہ بی ایس پروگرام کو کامیابی سے ممکن کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے خواتین کے حوالے سے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارا تعلق ایک ایسے صوبہ سے ہے جہاں خواتین کو غیر معمولی احترام دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگرصوبوں کے مقابلے میں یہاں عورتوں کے خلاف کرائم کی شرح سب سے کم ہے ۔ انہو ں نے یقین دلایا کہ گرلز کالج ہمارا اپنا کالج ہے ۔ اس کی بہتری اور یہاں ضروری سہولتوںمیں اضافے کے لئے تعاون ہمیشہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بہت پہلے کالج کو ڈیجیٹل لائبریری دینے کا اعلان کیا تھا جو تکمیل کے مراحل میں ہے اورجلد فعال ہوجائے گی ۔ طلباء و طالبات سے ہی قوم کی تمام امیدیں وابستہ ہیں آج ہم جس منصب پر ہیں کل یہی طلبہ اس مقام پر ہوں گے ۔ اس سے قبل پرنسپل گرلز ڈگری کالج نور جہاں کھیتران نے سپا سنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا ۔