سرکاری ترقیاتی پروگرام کے ذریعے تخصیص پر مبنی 72 منصوبوں کے لئے تین کھرب پانچ ارب 20 کروڑ 33 لاکھ 70 ہزار روپے جاری کئے گئے،اقتصادی سروے

جمعرات 26 اپریل 2018 23:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) حکومت کے سرکاری ترقیاتی پروگرام کے ذریعے تخصیص پر مبنی 72 منصوبوں کے لئے تین کھرب پانچ ارب 20 کروڑ 33 لاکھ 70 ہزار روپے جاری کئی گئے۔ حکومت کے موجودہ اقتصادی سروے کے مطابق مختص رقم میں 86 ارب 15 کروڑ روپے غیر ملکی زرمبادلہ شامل ہے جبکہ دو کھرب 18 ارب 87 کروڑ 33 لاکھ 70 ہزار مقامی طور پر مالیاتی جزو کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام 2017-18ء میں 13 نئی سکیمیں بھی شامل ہیں جن کا تخمینہ 14 ارب 70 کروڑ روپے ہیں۔ سروے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پاکستان موٹروے نیٹ ورک کے تین حصے تعمیر کر دیئے ہیں جس میں ایم ون پشاور تا اسلام آباد، ایم ٹو اسلام آباد تا لاہور، ایم تھری پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد شامل ہیں۔ اس نیٹ ورک کی وجہ سے دور دراز کے علاقے مین لائن پر آ گئے ہیں اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ ان دنوں این ایچ اے ایم فور فیصل آباد سے بذریعہ خانیوال تا ملتان اور کراچی حیدر آباد موٹروے ایم نائن کی تعمیر کر رہی ہے۔