ضلعی انتظامیہ نے رنگ روڈ منصوبہ کا حتمی پلان آرڈی اے کو بھیج دیا

روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو لنک روڈ کے ذریعے مرکزی شاہرہ سے منسلک کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی

جمعہ اپریل 00:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان نے لینڈ ایکوزیشن کے لیے سیکشن چار کے اطلاق پر حکومت پنجاب سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو لنک روڈ کے ذریعے مین شاہرہ کے ساتھ منسلک کرنے کی بھی منظوری ہو چکی ہے جسکا خیر مقدم کرتے ہیں ۔راولپنڈی چیمبر میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقامی صنعتکاروں کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا جو راولپنڈی چیمبر کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے ،سیکشن فور کے اطلاق سے اب فنڈنگ ممکن ہو سکے گی زمین خریدنے میں درپیش مسائل دور ہوں گے اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے کارخانے لگانے اور ترقیاتی کاموںکی راہ ہموار ہو گی اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اجلاس میں سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدورسہیل الطاف ، مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ رنگ روڈ منصوبہ جو طویل عرصے سے التوا کا شکار رہا ہے اس کا حتمی پلان آرڈی اے کو بھیج دیا گیا اور فنڈنگ کے لیے کئی ایجنسیوں اور اداروں نے عندیہ بھی دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کئی سال سے التوا کا شکار تھا راولپنڈی چیمبر کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کی کوششوں کو سہراتا ہے جن کی ذاتی دلچسپی کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو آسانی ہوگی اور ٹریفک کے بہاو میں کمی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ چیمبر نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کے مسائل اور راولپنڈی شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو کئی تجاویز بھی دی ہیں امید ہے ان پر جلد عمل درآمد ہو گا۔