احتساب کا عمل سب کے لیے اور بلا امتیاز ہونا چاہئے

چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی خزانہ قیصر احمد شیخ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ اپریل 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) وزارت خزانہ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل سب کے لیے اور بلا امتیاز ہونا چاہئے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے سیاستدانوں کی آف شور کمپنیاں ہیں اور کرپشن میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو کسی کرپشن کے الزامات پر نہیں بلکہ صرف ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔

قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف نے پاناما پیپرز کے عدالتی فیصلے پر عمل کیا۔ خواجہ محمد آصف کی نااہلی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی نااہلی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے موثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔