کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا آج 27اپریل کی ہڑ تال کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعلان

جمعہ 27 اپریل 2018 00:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد حسین بخاری ،جنرل سیکریٹری محمود آفریدی ،سینئر نائب صدر حاجی نواب ،آل پاکستان اتفاق آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین اقبال جہانگیری ، جنرل سیکریٹری حاجی حنیف کاکڑ ،اکرم درانی اور عبد البصیر نے جمعہ 27اپریل کی ہڑ تال کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعلان کیا ہے۔

ارشاد حسین بخاری ،اقبال جہانگیری اور دیگر سے جماعت اسلامی کے نائب امرائ محمد اسحاق خان ،محمد اسلام ،سیکریٹر ی کراچی عبد الوہاب ،ضلع غر بی کے امیر عبد الرزاق خان ،حمید اللہ ایڈوکیٹ اور دیگر نے ملاقات کی۔دریں اثنائ کراچی واٹر ٹینکرز اونرز ایسو سی ایشن کے چیئر مین افتخا ر احمد عباسی اور اکرام قریشی نے محبان وطن سیل کراچی کے کنونیئر شہزاد مظہرکے ہمراہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی جدو جہد کو زبر دست خراج تحسین پیش کر تے ہوئے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا اور 27اپریل کو کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ اور پانی کے مسائل کے خلاف جماعت اسلامی کی ہڑ تال کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم واٹر ٹینکرز پر سیاہ پرچم لہرائیں گے اور مزید ٹرانسپورٹ تنظمیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کر کے ہڑ تال کے لیے آمادہ کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوامی جدو جہد اور ہڑ تال کی کامیابی سے KEگھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گی۔ کراچی کے شہریوں کو مسائل سے نکالنے کے لیے متحد ہو کر جدو جہد کر نی ہو گی۔علاوہ ازیں سرائیکی پارٹی پاکستان کے چیئر مین ملک رحمت اللہ ،جنرل سیکریٹری سلمان ایڈوکیٹ ،جامعہ قرطبہ شریں جناح کالونی کے مہتمم اور تنظیم اصلا ح معاشرہ کے صدر مفتی مطیع الرحمن ،ڈاک لیبر یونین CBAکے حاجی گل محمد آفریدی نے بھی لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف جمعہ 27اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑ تال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔#