نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کروں گا،امید ہے انصاف ملے گا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 27 اپریل 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان کی نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کرنا ان کا آئینی حق ہے اور انہیں امید ہے کہ عدالت عظمیٰ سے انہیں انصاف ملے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی امدن یا اثاثوں کو کبھی نہیں چھپایا اور ہمیشہ اپنی قومی یا غیر ملکی آمدنی پر انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں عوامی عدالت سے نااہل نہیں کیا گیا ہے اور اگر سپریم کورٹ نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی توثیق کی تو پھر محمد نواز شریف کا کوئی بھی کارکن ان کے حلقہ انتخاب سے 2018ء کا الیکشن لڑے گا اور اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پرویز مشرف کے دور میں بھی تحقیقات کا سامنا کیا ہے۔