انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے

جمعہ 27 اپریل 2018 11:58

فیصل آباد۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈز فیصل آباد ، سرگودھا ، ساہیوال ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، بہاولپور ، ملتان ، ڈی جی خان ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو و کمپو زٹ کے سالانہ امتحانات2018ء ہفتہ 5مئی سے شروع ہوں گے جس کیلئے تمام طلباء و طالبات کو رول نمبر سلپیں جاری کردی گئی ہیں۔

اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے ڈویژن بھر میں 5مئی بروز ہفتہ سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو و کمپوزٹ سالانہ کاامتحان دینے والی85925 طلباء وطالبات کیلئی297 امتحانی مراکز قائم کردیئے ہیں ۔ بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ امتحانی سنٹرز پر تعینات کئے جانیوالے عملہ کی تربیت کاعمل بھی مکمل کر لیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ امتحانات کے سلسلہ میں تمام امیدواران کو بذریعہ ایس ایم ایس ان کے رول نمبر سے مطلع کر دیا گیا ہے تاہم پرائیویٹ طلباء وطالبات کو ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر بھی ان کی رول نمبر سلپس ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ ریگولر طلباء وطالبات کے تعلیمی ادارے اپنے اکائونٹ سے پاس ورڈ اور یوزر نیم لکھ کر اپنے طلباء وطالبات کی رول نمبر سلپس نکال سکیں گے۔انہوںنے کہاکہ اگر کسی امیدوار کو30 اپریل تک اس کی رول نمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ اگلے ورکنگ ڈے میں دستاویزی ثبوت کے ہمراہ ایجوکیشن بورڈ واقع جھنگ روڈ فیصل آباد کی انٹر برانچ سے بالمشافہ رابطہ کرکے رول نمبر سلپ حاصل کرسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :