گندم ذخیرہ کرتے وقت اسے حشرات الارض سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

جمعہ اپریل 12:04

فیصل آباد۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء)گندم ذخیرہ کرتے وقت اسے حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور ماہرین زراعت کی جانب سے کہاگیاہے کہ گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں تاکہ گند م کو حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانا ممکن ہوسکے۔

انہوںنے بتایاکہ گندم کو محفوظ کرناایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کیلئے کاشتکاروں ، کسانوں اور عام افراد کو خصوصی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عام طور پر کاشتکار اور بڑی تعداد میں گھریلو افراد سال بھر کی گندم لے کر گھروں یا ڈیروں پر بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ گندم حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے سے خراب ہوناشروع ہوجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دیہاتوں میں کسان کھانے اور بیج کیلئے اناج تقریباً ایک ہی جگہ ذخیرہ کرلیتے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ پٹ سن کی بوریوں میں اناج بھر کر گھر کے کمروں یا برآمدوں میں اینٹوںکے اوپر یا لکڑی کے تختوں پر رکھ دیتے ہیں ۔اسی طرح بعض افراد صحن میں رکھے گارے یا لوہے کے بھڑولوںمیں بھی اناج ذخیرہ کرتے ہیں جنہیں حشرات الارض کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی بیشی بھی متاثر کرتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے گندم کو خراب ہونے سے بچایاجاسکتاہے۔