کویت سے فلپائنی سفیر کو ناپسندیدہ قرار دے کر بے دخل کرنے کی وضاحت طلب

فلپائنی سفارت خانے کے چار ملازمین کوگرفتار،تین کے وارنٹ جاری کرنے کی بھی وضاحت کی جائے،مراسلہ

جمعہ 27 اپریل 2018 12:32

منیلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء)فلپائن نے کویت سے اپنے سفیر ریناٹو ویلا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک سے بے دخل کرنے کی وضاحت طلب کر لی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائنی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ خارجہ نے منیلا میں کویت کے سفارت خانے کو ایک سفارتی نوٹ بھیجا ،اس میں کویت میں متعیّن فلپائنی سفیر ریناٹو پیڈرو ویلا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے پر سخت حیرت اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس نوٹ میں فلپائنی وزیر خارجہ ایلن پیٹر کیٹانو نے کویتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلپائنی سفارت خانے کے چار ملازمین کو حراست میں رکھنے اور تین سفارتی اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی بھی وضاحت کرے۔فلپائن کا کہنا تھا کہ اس کے سفارت خانے نے چار زیر حراست افراد میں سے تین کی کویت میں مشکلات کا شکار گھریلو ملازماؤں کو ان کے آجروں کے گھروں سے نکالنے کے لیے خدمات حاصل کی تھیں ۔