اپنا پہلا ورلڈ کپ کارکردگی سے یاد گار بنانے کی کوشش کروں گا :محمد عامر

جمعہ 27 اپریل 2018 12:02

اپنا پہلا ورلڈ کپ کارکردگی سے یاد گار بنانے کی کوشش کروں گا :محمد عامر
کینٹر بری(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27اپریل 2018ء) قومی فاسٹ باﺅلر محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں ، میگا ایونٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور انہوں نے بھی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کو اپنا ہدف بنایا ہوا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا ورلڈ کپ ہوگا لہٰذا ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ اسکی بدولت ان کا اہم ترین خواب پورا ہو جائے گا۔

25سالہ بائیں ہاتھ کے پیسر کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے آئی سی سی کے کسی بھی بڑے ایونٹ میں حصہ لینا ہر کھلاڑی کیلئے خوش قسمتی کا باعث بن سکتا ہے اور وہ بھی خود کو اس حوالے سے خوش قسمت سمجھتے ہیں،کئی کھلاڑی سالوں تک اس ٹورنامنٹ کا انتظار کرتے ہوئے سخت محنت کرتے ہیں اور پھر اچانک انہیں ایونٹ سے قبل انجری کے سبب محرومی کا سامنا رہتا ہے تاہم پاکستانی ٹیم میں روٹیشن پالیسی کے سبب انہیں اس ٹورنامنٹ کی بہترین تیاری کا موقع مل جائے گا۔

(جاری ہے)

انگلش کنڈیشنز سے واقف فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ بہت بڑا اور اہم ٹورنامنٹ ہے ، ان کی پہلی خواہش تو یہ ہوگی کہ پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر یہ ٹائٹل اپنے نام کرے اور اسکے بعد وہ ٹورنامنٹ میں بہترین باﺅلر کا اعزاز حاصل کرنا چاہیں گے۔

متعلقہ عنوان :