افغان صوبوں میں طالبان کے حملے، 23سکیورٹی اہلکار ہلاک

اس دوران اطراف کے مابین قریب پانچ گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا،افغان حکام کی گفتگو

جمعہ 27 اپریل 2018 12:59

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) افغانستان کے چار صوبوں میں طالبان عسکریت پسندوں کے کئی حملوں میں صرف ایک دن میں 23سکیورٹی اہلکار مارے گئے،امریکی ٹی وی کے مطابق ان میں سے ایک واقعے میں شمالی صوبے فریاب میں افغان پولیس فورس اور مقامی طالبان مخالف مسلح گروپوں کے ارکان پر جو حملہ کیا گیا،اس میں نو افراد ہلاک ہوئے۔

فریاب کی صوبائی کونسل کے ارکان محمد عارف اور صبغت اللہ سیلاب نے بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے یہ حملہ گزشتہ روزکیا۔ایک دوسرے بڑے حملے میں شمالی صوبے قندوز کے ضلع دشتِ ارچی میں شدت پسندوں نے افغان نیشنل آرمی کی تین مختلف چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا۔ قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن غلام ربانی ربانی کے مطابق اس حملے میں 12 افغان فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شمالی افغان صوبے بغلان کے دارالحکومت پل خٴْمری کے مضافات میں بھی طالبان حملہ آوروں نے مربوط طریقے سے گھات لگا کر سکیورٹی فورس کے ارکان کو نشانہ بنایا۔اس حملے میں دو حکومتی سکیورٹی اہلکار مارے گئے۔اس کے علاوہ طالبان نے وسطی افغان صوبے پروان میں بھی کئی مقامات پر سکیورٹی فورسز پر حملے کیے۔حکام کے مطابق اس دوران اطراف کے مابین قریب پانچ گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔