تشدد کی مزید کارروائیاں افغانستان میں امن و سلامتی کا موجب نہیں بن سکتیں، امریکہ

ہم بہادر افغان سکیورٹی افواج کی حمایت کرتے ہیں جو طالبان اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف سینہ سپر ہیں،بیان

جمعہ 27 اپریل 2018 12:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) قائم مقام امریکی وزیر خارجہ جان جے سلیوان نے کہا ہے کہ موسم بہار کی کارروائیوں کا آغاز کرنے سے متعلق طالبان کے اعلان پر نظر پڑی جو عدم استحکام پیدا کرنے کی طالبان کی ذمے داری کے ثبوت کا غماز ہے، جس کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں افغانوں کی زندگیاں داؤ پر لگ جاتی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کہی گئی ۔

(جاری ہے)

سلیوان نے کہا کہ حالیہ دِنوں صدر غنی نے طالبان کو امن عمل میں شامل ہونے کی تاریخی دعوت دی تھی۔قائم مقام امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ طالبان کے اس اعلان سے نمٹنے کے لیے امریکہ افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔اٴْنھوں نے کہا کہ ہم بہادر افغان سکیورٹی افواج کی حمایت کرتے ہیں جو طالبان اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف سینہ سپر ہیں، جو افغان معاشرے کی بربادی پر تٴْلے ہوئے ہیں۔اٴْنھوں نے واضح کیا کہ تشدد کی مزید کارروائیاں افغانستان میں امن اور سلامتی کا موجب نہیں بنیں گی۔